روایت:’’رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے: جب قیامت کے دن تمام لوگ میدانِ محشر میں ہوں گے تو بچھو کی نسل کا ایک جانور نکلے گا، جس کا نام حریش ہوگا، اس کا سر آسمان پر ہوگا اور اس کی دم زمین پر ہوگی، اور وہ ستر مرتبہ آواز لگائے گا: کہاں ہیں وہ لوگ جنہوں نے اللہ رب العالمین کو مقابلہ کی دعوت دی ہے؟ اور کہاں ہیں وہ لوگ جنہوں نے اللہ تعالی سے جنگ کا اعلان کیا ہے؟جبرائیل علیہ السلام کے پوچھنے پر وہ جانور پانچ قسم کے لوگوں کو سزا دینے کا کہے گا: 1 نماز چھوڑنے والا 2 زکوۃ نہ دینے والا 3 شراب پینے والا 4 سود کھانے والا 5 مسجد میں دنیا کی باتیں کرنے والا‘‘۔
تحقیق کی تفصیل
زیر بحث روایت قاضی عبد الرحیم بن احمد رحمہ اللہ کی جانب منسوب کتاب ’’دقائق الأخبار‘‘[1] میں بلا سند ان الفاظ سے مذکور ہے:
’’وروي عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إذا كان يوم القيامة يخرج من النار شيء اسمه حريش، يتولد من العقرب، رأسه في السماء السابعة وذنبه تحت الأرض السفلى، فينادي سبعين مرة: أين من بارز الرحمن وأين من حارب الرحمن؟ فيقول جبرائيل عليه السلام: ما ذا تريد يا حريش! ؟ فيقول: أريد خمسة، أين من ترك الصلاة، وأين من منع الزكاة، وأين من شرب الخمر، وأين من أكل الربا، وأين من يتحدث بحديث الدنيا في المساجد؟ فيجمعهم في فمه، ويرجع بهم إلى جهنم‘‘.
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: جب قیامت کا دن ہوگا تو جہنم کی آگ سے ایک چیز نکلے گی، جس کا نام حریش ہوگا، وہ بچھو کی نسل سے ہوگا، اس کا سر ساتویں آسمان پر اور اس کی دُم نچلی زمین کے نیچے ہوگی، پھر وہ ستر مرتبہ پکارے گا: رحمن سے مقابلہ کرنے والے لوگ کہاں ہیں، اور رحمن سے جنگ کرنے والے لوگ کہاں ہیں؟ جبرائیل علیہ السلام فرمائیں گے: اے حریش! کیا چاہتے ہو؟ حریش کہے گا: مجھے پانچ قسم کے لوگ چاہئیں، نماز چھوڑنے والا کہاں ہے، زکوۃ نہ دینے والا کہاں ہے، شراب پینے والا کہاں ہے، سود کھانے والا کہاں ہے، مسجد میں دنیا کی باتیں کرنے والا کہاں ہے؟ چنانچہ وہ ان سب کو اپنے منہ میں اکھٹا کر لے گا اور ان کو لے کر جہنم کی طرف لوٹ جائے گا۔
تلاش بسیار کے باوجودیہ روایت خاص ان الفاظ وسیاق سے سند اً تاحال ہمیں کہیں نہیں مل سکی، اور جب تک اس کی کوئی معتبر سند نہ ملے اسے آپ ﷺکے انتساب سے بیان کرنا موقوف رکھا جائے، کیونکہ آپﷺ کی جانب صرف ایساکلام اورواقعہ ہی منسوب کیا جاسکتا ہے جومعتبر سند سے ثابت ہو، واللہ اعلم۔
حوالہ جات
[1] دقائق الأخبار في ذكر الجنة والنار:ص:34،المطبعة الميمنية ـ مصر،الطبعة1306هـ .